سندھ کے ضلع شکارپور کے علاقے خان پور میں مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا کھانے سے متعدد افراد کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق جبکہ 7 افراد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے سے مجموعی طور پر 10 افراد متاثر ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ متاثرین کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 3 بچے جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ باقی 7 متاثرین کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر مضرِ صحت کھانا کھانے کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس اور متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں۔









