پاکستانی نوجوان ٹریول ویلاگر اور کوہ پیما اسماء مشتاق اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران انتقال کر گئیں۔
7 فروری 1992ء کو پیدا ہونے والی اسماء مشتاق کو مہم جوئی، کوہ پیمائی اور قدرتی مناظر سے بے حد لگاؤ تھا، جس کی بدولت وہ پاکستان کی ایڈونچر کمیونٹی میں ایک نمایاں نام بن چکی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق اسماء مشتاق نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ قراقرم کے سلسلے میں واقع 7,027 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی کامیابی سے سر کی۔ تاہم واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس) کا سامنا کرنا پڑا۔ گائیڈ نے فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اسماء مشتاق کی میت کی واپسی کے انتظامات جاری ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر پر سوشل میڈیا پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور صارفین ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کر رہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔









