اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کی طبی حالت کو غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی ہمشیرہ ان سے ملاقات کر چکی ہیں اور ان کی صحت سے متعلق آگاہ کر سکتی ہیں۔ ان کے بقول آنکھ کا مسئلہ کافی حد تک بہتر ہو چکا ہے، جبکہ بلڈ پریشر کی معمولی شکایت کے لیے علاج جاری ہے۔
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز کی رپورٹ عوام کے سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کی جماعت کی قیادت بھی قید میں رہی، مگر اس معاملے کو سیاسی ہتھیار نہیں بنایا گیا۔
خواجہ آصف نے نواز شریف اور دیگر رہنماؤں کی بیماریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کی صحت کا بھی مذاق اڑایا گیا۔ انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے رویوں نے سیاست کے معیار کو نقصان پہنچایا ہے اور “سیاست کے اسٹینڈرڈ گٹر میں ڈال دیے گئے ہیں۔”









