بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں موبائل فون پر ہونے والے ایک خاندانی جھگڑے کے بعد ایک ہی خاندان کے تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
یہ افسوسناک واقعہ 21 اگست کو پیش آیا، جس میں مرلی دھر چند گوڈے، ان کی اہلیہ سنگیتا اور بیٹے کنال ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات میں سامنے آیا ہے کہ موبائل فون پر خاندانی نوعیت کے جھگڑے کے بعد کنال قریبی پہاڑی پر چلے گئے اور وہاں سے چھلانگ لگانے کی دھمکی دی۔
اطلاع ملنے پر پولیس، فائر بریگیڈ کی ٹیم اور مقامی افراد موقع پر پہنچے۔ نوجوان کو ریسکیو کرنے اور سمجھانے کی بھرپور کوشش کی گئی، جبکہ پہاڑ کے دامن میں حفاظتی جال بھی نصب کیا گیا۔
بی بی سی مراٹھی کے مطابق کنال مسلسل اپنی جگہ تبدیل کرتے رہے، جس کے باعث ریسکیو ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی دوران کنال کے والد مرلی دھر چند گوڈے موقع پر پہنچے اور اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش میں اسے چٹان کے کنارے سے کھینچ لیا، تاہم اسی دوران وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور بیٹے سمیت گہری کھائی میں جا گرے۔
بعد ازاں خاندان کی ایک اور فرد بھی ہلاک پائی گئی۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور ابتدائی طور پر خاندانی تنازع اور خودکشی سے متعلق پیغامات کو واقعے کے پس منظر میں دیکھا جا رہا ہے۔









