پاکستان اور کرغزستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدے طے

بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسدادِ دہشتگردی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر سمیت دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ معاہدوں پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے سے عوامی اور ثقافتی روابط مضبوط ہوں گے۔ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

شہباز شریف کے مطابق دونوں ممالک نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کریں گے۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے علاوہ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں بھی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کاسا توانائی منصوبے سے متعلق پیش رفت کو بھی سراہا اور اس منصوبے پر تعاون آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کے قیام کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دوطرفہ تجارت کا حجم 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جس کے لیے کاروباری قوانین اور تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے کے ساتھ نجی شعبے کے درمیان روابط میں اضافہ کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنا چاہتا ہے۔ مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں دونوں ممالک کے تعلقات میں تعاون کے ایک نئے مرحلے کی بنیاد ثابت ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں