ایران معاہدے کی نگرانی کیلئے IAEA انسپکٹرز جلد تہران پہنچیں گے، جے ڈی وینس،پاکستان اور قطر کے کردار کو سراہا

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور عالمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے انسپکٹرز جلد ایران جا کر ابتدائی معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان IAEA افسران کی ایران میں تعیناتی کے معاملے پر اتفاق ہو گیا ہے اور ایران انسپکٹرز کو جلد طلب کرے گا۔

جے ڈی وینس نے اس موقع پر پاکستان اور قطر کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کی ثالثی نے پورے معاملے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تکنیکی مذاکرات کے لیے بنیادی طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے اور یہ مذاکرات آئندہ ہفتوں تک جاری رہیں گے۔

امریکی نائب صدر نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایرانی وفد نے واک آؤٹ کی دھمکی دی تھی تاہم اس کے باوجود مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے تک بات چیت جاری رہی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ خود رات دو بجے IAEA انسپکٹرز کو ٹیلی فون کر چکے ہیں اور امید ہے کہ انسپکٹرز اسی ہفتے ایران کا دورہ کر سکتے ہیں۔

جے ڈی وینس کے مطابق تنازع اب جنگ بندی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں امن رہا ہے اور اسرائیلی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ اسرائیل کی سلامتی کے ساتھ ساتھ لبنان کا تحفظ بھی ممکن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حتمی معاہدے تک پہنچنے کی امید ہے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں