اپنا تنظیم کا 49 واں سالانہ کنونشن تنازعات کا شکار۔ ڈاکٹرز کی کم حاضری اور پھیکے پروگرامز نے اپنا کی قیادت پر سوالات اٹھا دیے

۔

کنونشن کے آغاز میں ہی پاکستان کے عظیم کرکٹر اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی تصویر وجہ تنازعہ بن گئی۔اپنا کے بیشتر ڈاکٹرز کی مذمت

بغیر چہرہ دکھائے پوسٹر لگانے پر  سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور پی ٹی آئی کے حامی افراد نے سوشل میڈیا پر طوفان بپا کردیا، کنونشن کا رنگ پھیکا

ہزاروں ممبران کی تنظیم کے سالانہ کنونشن میں کسی بڑی امریکی شخصیت حتی کہ پاکستانی سفیر کا شریک نہ ہونا اپنا کی فعالیت پر سوالیہ نشان؟

اورلینڈو( خصوصی رپورٹ ) امریکہ میں امریکن پاکستانی ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم اپنا کا 49 واں سالانہ پانچ روزہ کنونشن جولائی کے پہلے ہفتے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں منعقد ہوا ۔ امسال انتظامات غیر تسلی بخش اور حاضری مایوس کن حد تک کم تھی۔ انٹرٹینمنٹ اور میوزک شو بھی شرکاء کو متاثر نہ کر سکا۔ کنونشن کے آغاز میں ہی پاکستان کے عظیم کرکٹر اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی تصویر وجہ تنازعہ بن گئی۔ ایک سیاسی جماعت کے حامی ڈاکٹروں نے عمران خان کے پوسٹر سے چہرہ غائب کرنے پر احتجاج کیا، جبکہ پاکستان کی سیاست سے دور رہنے والے ڈاکٹرز بھی اس حرکت پر نالاں نظر آئے، جس پر اپنا تنظیم کی مینجمنٹ نے اپنی صفائی دینے کی نیم دلانہ کوشش کی ۔ عمران خان کا بغیر چہرہ دکھائے پوسٹر لگانے پر بعض اپنا ممبرز ، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور پی ٹی آئی کے حامی افراد نے سوشل میڈیا پر طوفان بپا کر دیا جس کی وجہ سے کنونشن کی رونق اور جوش خروش مزید پھیکا پڑ گیا ۔ اپنا کے اگلے صدارتی امیدوار ڈاکٹر طلحہ صدیقی نے بھی اپنی فیس بک پوسٹ میں عمران خان کا چہرہ بلینک کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہمیں اپنے قومی ہیروز کی تکریم کرنی چاہیے ۔ پاکستان سے ایک وفاقی وزیر خصوصی دعوت نامے پر کنونشن میں شریک ہوئے، جنکو حال ہی میں حکومت پاکستان سے تمغہ لینے والے پاکستانی نژاد ڈاکٹر سمیت چند ڈاکٹرز نے بھرپور پروٹوکول دیا تاہم وزیر موصوف چند تصویریں اور فوٹو شوٹ کروا کر نکل گئے۔ پاکستان قونصلیٹ کی طرف سے بھی عوام کو سروسز فراہم کرنے کیلئے خصوصی کاؤنٹر لگائے گئے تھے تاہم پاکستانی سفیر جو اوسط درجے کی تنظیموں کے پروگرامز میں باقاعدگی سے شرکت کرتے ہیں اس اہم موقع پر نظر نہیں آئے ۔ کنونشن کے دوران مختلف المنائی اور گروپس کے خصوصی سیشن بھی منعقد ہوئے۔ خواتین کے ملبوسات کے سٹالز پر کافی رش تھا جہاں ڈاکٹرز کے اہلخانہ اور خواتین ڈاکٹرز انتہائی مہنگے سوٹ بے دریغ خریدتی نظر آئیں۔ پاکستانیوں کی سب سے بڑی اور بااثر تنظیم جس کے  ممبران کی تعداد ہزاروں میں ہے اسکے سالانہ کنونشن میں کسی بڑی امریکی شخصیت کا شریک نہ ہونا اپنا کی موجودہ قیادت کی فعالیت پر سوالیہ نشان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں