خواتین کے پردے سے متعلق بیان: جواد احمد شدید تنقید کی زد میں

معروف گلوکار اور سماجی کارکن جواد احمد خواتین کے پردے سے متعلق ایک متنازع بیان دینے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جواد احمد حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اس وقت خبروں کی زینت بنے جب ان کی ایک خاتون سامع سے تلخ کلامی ہو گئی۔ مبینہ طور پر خاتون کی جانب سے تنقید کیے جانے پر جواد احمد نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے سے پہلے اپنے طرزِ عمل پر بھی نظر ڈالنی چاہیے۔

پوڈکاسٹ کے دوران جواد احمد کا کہنا تھا کہ ان جیسے لوگوں کی جدوجہد کی بدولت آج خواتین کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا اختیار حاصل ہے۔ تاہم گفتگو کے دوران دیا گیا ایک بیان سوشل میڈیا صارفین کو ناگوار گزرا۔

جواد احمد نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ برقع پہنتی ہیں، بہنیں سر ڈھانپتی ہیں، اگر ماہرہ برقع پہنے گی تو ڈانس کیسے کرے گی؟
ان کے اس جملے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، جہاں متعدد صارفین نے اسے نامناسب، توہین آمیز اور غیر ضروری قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خواتین کے لباس کو کسی پیشے یا کردار سے جوڑنا غیر حساس رویہ ہے، جبکہ کچھ صارفین نے جواد احمد کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے جانے کا مؤقف بھی اختیار کیا ہے۔

تاحال جواد احمد کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت یا معذرت سامنے نہیں آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں