بھارتی فلم انڈسٹری کے کنڑ اداکار مایور پٹیل کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور خوفناک ٹریفک حادثے کا سبب بننے پر پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بنگلورو میں مبینہ طور پر ڈرنک اینڈ ڈرائیو کیس میں ملوث اداکار کی فورچیونر ایس یو وی ضبط کر لی ہے۔ حادثہ متعدد گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کا باعث بنا، جس کے بعد اداکار کو حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی رات تقریباً 10 بجے اولڈ ایئرپورٹ روڈ پر کمانڈو اسپتال سگنل کے قریب پیش آیا۔ مایور پٹیل اپنی فورچیونر گاڑی چلا رہے تھے کہ انہوں نے ٹریفک سگنل پر کھڑی ایک گاڑی کو ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں چین ری ایکشن ہوا اور مزید چار گاڑیاں متاثر ہوئیں، جن میں دو سوئفٹ ڈزائر گاڑیاں اور ایک سرکاری گاڑی بھی شامل تھیں۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق اداکار کے خلاف ڈرِنک اینڈ ڈرائیو اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔









