کراچی – پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ساحر علی بگا نے کہا ہے کہ بھارتی گانوں پر پاکستان میں پابندی عائد ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جوابی کارروائی کے طور پر ضروری ہے۔
ساحر علی بگا نے حال ہی میں بی بی سی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بھارتی گانوں پر پابندی سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ بات اس لیے کی کیونکہ جب بھی کوئی تنازع ہوتا ہے تو بھارت فوری طور پر پاکستانی فنکاروں، مواد اور دیگر چیزوں پر پابندی لگا دیتا ہے۔
معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ہر بار پاکستانی فنکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں بھارتی مواد کو بلا روک ٹوک پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس دوہرے معیار کو اپنے بیان کی بنیادی وجہ قرار دیا۔
ساحر علی بگا نے مزید کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو اپنے ملک میں فروغ دینے کی ضرورت ہے اور مقامی موسیقی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ساحر علی بگا پاکستانی موسیقی کی انڈسٹری کے معروف ناموں میں شمار ہوتے ہیں اور انہوں نے کئی سپر ہٹ گانے پیش کیے ہیں۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بھی خوب زیر بحث آیا ہے۔









