“شادی وقت کا ضیاع ہے”؛ قرۃ العین بلوچ کا نیا متنازع بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث

لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان کی معروف اور منفرد آواز کی حامل گلوکارہ قرۃ العین بلوچ ایک بار پھر اپنے بے باک اور متنازع مؤقف کے باعث خبروں کی زینت بن گئی ہیں۔ گلوکارہ نے حال ہی میں ایک نجی یوٹیوب چینل کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے شادی کے ادارے کو “وقت کا ضیاع” قرار دے کر شائقین کو حیران کر دیا۔

پروگرام کے دوران میزبان نے جب قرۃ العین بلوچ سے شادی کے حوالے سے ان کی سوچ پوچھی تو انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا:

“میرے خیال میں شادی وقت کا ضیاع ہے۔”

گلوکارہ نے اپنے اس مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جدید نفسیاتی تحقیقات کے مطابق شادی شدہ زندگی میں خواتین کی نسبت مرد زیادہ خوش اور مطمئن رہتے ہیں، جبکہ خواتین کی ذہنی صحت اور ذاتی آزادی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو اس روایتی بندھن میں بندھتا ہوا نہیں دیکھتیں۔

قرۃ العین بلوچ نے مزید کہا کہ انہیں اپنے لیے ایسا ہم آہنگ ساتھی ڈھونڈنا مشکل لگتا ہے جو ان کی شخصیت اور فنکارانہ زندگی کے تقاضوں کو سمجھ سکے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ قرۃ العین بلوچ نے شادی کے حوالے سے غیر روایتی رائے دی ہو۔ ماضی میں بھی وہ کہہ چکی ہیں کہ “میرے ساتھ رہنا بہت مشکل ہے”۔ ان کے اس تازہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین دو گروہوں میں بٹ گئے ہیں۔ کچھ ان کے نظریے کو جدید دور کی حقیقت قرار دے رہے ہیں تو کچھ صارفین انہیں شادی جیسے مقدس رشتے کی اہمیت نہ سمجھنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں