لاہور (شوبز ڈیسک): معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ افغان نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے والد نے نکاح سے قبل ہی اس رشتے کے مستقبل کے بارے میں خبردار کر دیا تھا۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کے دوران نادیہ افغان نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نہایت دور اندیش انسان تھے اور انہوں نے شادی کے وقت ہی مشورہ دیا تھا کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کر لیں۔
اداکارہ نے اپنے والد کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا: “انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ اگر تم چاہو تو اس مرحلے سے پیچھے ہٹ سکتی ہو، میں مہمانوں کو اچھے انداز میں رخصت کر دوں گا لیکن تم خود کو اس رشتے میں نہ ڈالو کیونکہ تم دونوں ایک دوسرے سے مختلف ہو۔”
نادیہ افغان کے مطابق شادی کے محض چھ ماہ بعد ہی انہیں احساس ہو گیا تھا کہ ان کے والد کی بات بالکل درست تھی۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک سال تک اس رشتے کو نبھانے کی بھرپور کوشش کی مگر حالات مسلسل خراب ہوتے چلے گئے۔ اس دوران شوبز انڈسٹری کی سینئر شخصیات جن میں ثمینہ احمد اور سرمد کھوسٹ جیسے نام شامل تھے، نے بھی معاملات کو سلجھانے کی کوششیں کیں۔
انہوں نے اپنے والد کے ایک اور قیمتی مشورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: “والد نے مجھے سمجھایا کہ بچوں سے پہلے علیحدگی اختیار کر لینا زیادہ بہتر ہے۔ ایک دن میں نے اپنے والد کو فون کر کے تمام صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر وہ فوراً لاہور آئے اور یہ معاملہ ختم کروا دیا گیا۔”
نادیہ افغان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے سابق شوہر انجم شہزاد اس علیحدگی کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں تھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب شادی کام نہ کرے تو آگے بڑھ جانا ہی عقلمندی ہے۔









