ہانیہ عامر کی سالگرہ تقریب میں بولڈ لباس پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید، تصاویر وائرل

لاہور (شوبز ڈیسک): پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور دلکش اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔ اس بار تنقید کی وجہ ان کی ایک دوست کی سالگرہ کی تقریب میں پہنا جانے والا لباس بنا ہے جسے صارفین “بولڈ” اور روایتی اقدار کے خلاف قرار دے رہے ہیں۔

ہانیہ عامر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے قریبی دوست کی سالگرہ کی تقریب سے کچھ نئی تصاویر شیئر کیں۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ اپنے قریبی احباب کے ساتھ انتہائی خوشگوار موڈ میں ہیں اور تقریب میں بھرپور طریقے سے محظوظ ہو رہی ہیں۔

تصاویر میں ہانیہ عامر کا لباس کچھ قدامت پسند سوشل میڈیا صارفین کو خاصا پسند نہیں آیا۔ تصاویر سامنے آتے ہی مختلف پلیٹ فارمز پر صارفین نے اداکارہ کو مشورے دینے شروع کر دیے کہ وہ پاکستانی ثقافت اور تہذیب کا خیال رکھیں۔ کئی صارفین نے ان کے اندازِ لباس کو “زیادہ بے باکانہ” قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔

تاہم، دوسری جانب ہانیہ عامر کے مداحوں کی بڑی تعداد ان کے دفاع میں سامنے آ گئی اور صارفین کو ذاتی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ ایک نجی تقریب میں اداکارہ اپنی مرضی کا لباس پہننے میں مکمل طور پر آزاد ہیں۔ تاحال ہانیہ عامر کی جانب سے اس تنقید پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں