“شوبز چھوڑنے کے باوجود شادی ناکام ہوئی”: سارہ چوہدری نے پہلی بار خاموشی توڑ دی

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے طویل خاموشی کے بعد اپنی ناکام شادی کے حوالے سے پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے بڑا انکشاف کیا ہے کہ شوبز کو خیرباد کہہ دینے کے باوجود ان کی ازدواجی زندگی کیوں نہ بچ سکی۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے سارہ چوہدری نے اپنی زندگی کے اتار چڑھاؤ پر کھل کر بات کی۔ شادی ناکام ہونے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “لوگ اکثر میرے بارے میں یہ کہتے ہیں کہ خود کو بدلنے اور شوبز چھوڑنے کے باوجود بھی طلاق ہو گئی۔”

سابقہ اداکارہ نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “یہ بھی ہمارے لیے اللّٰہ کا ہی مقرر کردہ ایک راستہ ہے، ہاں مگر زیادہ پسندیدہ نہیں ہے۔ اس لیے ہمیں طلاق کی تعریف یا تشہیر نہیں کرنی چاہیے بلکہ اگر کہیں میاں بیوی کے درمیان صلح کروائی جا سکتی ہو تو ضرور کروانی چاہیے۔”

انہوں نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کہ دین کی راہ پر چلنے سے رشتے خود بخود محفوظ ہو جاتے ہیں۔ “یہ کوئی دلیل نہیں ہے کہ اگر کسی نے اللّٰہ کے بتائے راستے پر چلنے کے لیے اتنی زیادہ قربانی دی ہے تو اس کی شادی ناکام نہیں ہو سکتی۔ یہ سب انسان کی تقدیر ہے، اللّٰہ نے ہر انسان میں خوبیاں اور خامیاں دونوں رکھی ہیں اور ہر انسان میں برداشت کی ایک حد بھی رکھی ہے۔”

اپنی نجی زندگی کی تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کرتے ہوئے سارہ چوہدری نے بتایا کہ “میں اپنی نجی زندگی کے بارے میں اس طرح آن کیمرہ زیادہ بات نہیں کرتی لیکن مختصراً اتنا بتاؤں گی کہ جہاں تک نصیب میں ساتھ لکھا ہوا تھا، اس وقت تک دونوں طرف سے شادی کو بچانے کی پوری کوشش کی گئی۔ جب یہ محسوس ہونے لگا کہ اب ہم آگے مزید ایک دوسرے کے ساتھ نہیں چل سکتے تو باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔”

میزبان کے اس سوال پر کہ کیا انہیں شادی ناکام ہونے پر کوئی پچھتاوا ہے، سارہ چوہدری نے نہایت پختگی سے جواب دیا: “مجھے دین کو سمجھنے کا یہ فائدہ بھی ہوا کہ میری زندگی سے پچھتاوے ختم ہو گئے۔ اس لیے مجھے اپنی زندگی میں ہونے والی کسی بھی چیز پر کوئی پچھتاوا نہیں ہے، جو اب تک ہوا یا جو مستقبل میں ہو گا سب میری تقدیر اور اللّٰہ کی مرضی ہے۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں