_
*’’پیووٹ‘‘ بیرونِ ملک پاکستانی نوجوانوں کے جذبے کو قومی ترقی میں ڈھالنے کا مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا: رانا مشہود احمد خان*
*نیویارک ( آواز نیوز) وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے اشتراک سے نیویارک میں پاکستان مشن میں منعقدہ “کنکشن ٹو کنٹری بیوشن: پاکستانی یوتھ ڈائسپورا کنیکٹ” کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں پیووٹ (PIVOT) پروگرام کا آغاز کر دیا۔
اس پروگرام کا مقصد دنیا بھر میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ رہنمائی، علم و تجربے کے تبادلے، پیشہ ورانہ روابط، جدت طرازی اور تعلیم، کاروباری مواقع اور ہنر مندی کے شعبوں میں باقاعدہ اشتراک کے ذریعے جوڑنے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں امریکہ بھر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، محققین، طلبہ اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی اور ’’پیووٹ‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کی رہنمائی، تعاون اور علم کے تبادلے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ’’پیووٹ‘‘ کا آغاز درحقیقت پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کے درمیان تعلق کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جن کی زندگیاں اگرچہ مختلف ممالک، تہذیبوں اور مواقع سے وابستہ ہیں، لیکن جن کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی نوجوان ’’پاکستان اور مستقبل کے درمیان ایک زندہ پل‘‘ ہیں۔ انہیں ایک جانب پاکستان کی صلاحیتوں، چیلنجز اور امنگوں کا ادراک ہے اور دوسری جانب وہ دنیا کے اداروں، جدید ٹیکنالوجی، عالمی روابط اور مواقع سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’پیووٹ‘‘ اسی مقصد کے لیے تشکیل دیا گیا ہے تاکہ پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیت کو بیرونِ ملک پاکستانیوں کے علم، تجربے اور عالمی روابط سے جوڑا جا سکے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا، ’’پیووٹ خیرات کا نہیں بلکہ شراکت داری کا تصور ہے۔ یہ ماضی کی یادوں میں کھو جانے کی دعوت نہیں بلکہ مستقبل کو مقصد کے ساتھ سنوارنے کی دعوت ہے۔‘‘ انہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کی رہنمائی کریں، انٹرن شپ کے مواقع فراہم کریں، اپنی مہارتیں منتقل کریں اور نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والی جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ان کی نیک نیتی کو قومی ترقی میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وزیراعظم یوتھ پروگرام تعلیم، روزگار، نوجوانوں کی شمولیت اور ماحولیات کے چار بنیادی ستونوں پر کام کر رہا ہے۔ پروگرام کے تحت ڈیجیٹل مہارتوں، نوجوان کاروباری افراد کی مالی معاونت، وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے روزگار اور وظائف، جدت طرازی، کھیل، رضاکارانہ سرگرمیوں اور موسمیاتی اقدامات کے مواقع کو وسعت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے جوڑنا ناگزیر ہے تاکہ وہ ٹیکنالوجی، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، کاروباری مواقع اور امن جیسے عالمی موضوعات پر ہونے والی بحث میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
تقریب سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور عالمی سطح پر مقیم پاکستانی نوجوان علم، جدت، تجربے اور صلاحیتوں کا ایک بے مثال سرمایہ ہیں۔ ان کے درمیان مضبوط روابط نہ صرف رہنمائی، کاروباری مواقع اور سیکھنے کے نئے امکانات پیدا کریں گے بلکہ قومی ترقی کو بھی نئی رفتار دیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی نوجوانوں کو قومی ترقی کے مرکز میں لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ’’پیووٹ‘‘ کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اقدام بیرونِ ملک پاکستانیوں کی مہارت، پیشہ ورانہ تجربے اور عالمی روابط کو پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے مؤثر شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مشن نوجوانوں کی اقوام متحدہ کے ساتھ بامعنی شمولیت کو مزید فروغ دیتا رہے گا تاکہ پاکستانی نوجوان عالمی سفارت کاری اور پالیسی سازی میں محض مبصر نہیں بلکہ بااعتماد، باخبر اور مؤثر شراکت دار کے طور پر اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام میں اقوام متحدہ اور عالمی امور کی فوکل پرسن محترمہ بسمہ قمر نے ’’پیووٹ‘‘ کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سماجی اقدام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام تجرباتی تعلیم، معیاری تربیت، رہنمائی، عالمی روابط اور سمندر پار پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ مضبوط تعلقات کے ذریعے صلاحیتوں کو مواقع سے جوڑ کر انہیں عملی کامیابیوں میں تبدیل کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کی تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق فوکل پرسن محترمہ سدرا قمر نے پروگرام کے مختلف اقدامات کا جامع جائزہ پیش کیا، جبکہ کونسلر صائمہ سلیم نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف اقدامات پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی شرکاء کو دکھائی گئی۔









