کانگریس وومین نے امیگریشن چھاپے کو صدر کی بدترین سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیدیا
واشنگٹن ( آواز نیوز) منی سوٹاسے ڈیموکریٹ کانگریس وومین الہان عمر نے مبینہ امیگریشن فراڈ کے الزام میں اپنے گھر فیڈرل حکام کے چھاپے کو ٹرمپ انتظامیہ کے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے “سیاسی دشمنوں “ کے خلاف طاقت کا استعمال کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ پیر کی صبح وفاقی حکام نے واشنگٹن ڈی سی میں مجرمانہ تحقیات کے طور سے کانگریس وومین کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔فوکس نیوز نے محکمہ انصاف کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ایجنٹس نے عدالتی اجازت سے چھاپہ مارا تھا۔محکمہ انصاف کے ترجمان نے چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھاپہ کانگریس وومین کے خلاف جاری تفتیش کا حصہ ہے۔الہان عمر کے آفس سے وارنٹ کے نوعیت کی تصدیق نہ ہوسکی جبکہ وائیٹ ہاؤس اور ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ معاملہ محکمہ انصاف نمٹا رہا ہے۔صدر ٹرمپ اور ان کے ساتھی تواتر کے ساتھ الہان عمر پر امیگریشن فراڈ کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں اور صدر کانگریس وومین کو امریکہ سے نکالنے کی خواہش کا متعدد بار اظہار کرچکے ہیں۔الہان عمر الزامات کی مسلسل نفی کرتی آرہی ہیں۔ٹرمپ کی صدارت اپنے مخالفین کو سیاسی اور قانونی دھمکیوں کے لئے مشہور ہے۔ اب جبکہ مڈ ترم الیکشن میں تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔یہ تاثر گہرا ہوتا جارہا ہے کہ ٹرمپ اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے اپنے اختیارات سے تجاوز کررہے ہیں۔









