اسلام آباد:
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 22 جنوری کے دوران ایک طاقتور اور ملک گیر مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے جا رہا ہے، جس کے باعث سندھ سے لے کر کشمیر تک بارشوں، پہاڑوں میں شدید برف باری، ژالہ باری اور سخت سردی کی لہر کا امکان ہے۔
بارشوں کی پیشگوئی:
سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں ہلکی سے درمیانی جبکہ کئی علاقوں میں موسلا دھار سے تیز بارشیں متوقع ہیں، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
برف باری کی وارننگ:
بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید سے شدید ترین برف باری کے قوی امکانات ہیں۔
خصوصاً گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں صورتحال سنگین ہو سکتی ہے، جہاں سڑکیں بند ہونے اور آمدورفت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
ژالہ باری کا خطرہ:
کئی میدانی اور بالائی علاقوں میں شدید ژالہ باری ہو سکتی ہے، جس سے فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دو مرحلوں میں موسمی نظام:
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ موسمی نظام دو حصوں میں داخل ہو سکتا ہے اور وقفے وقفے سے اثر انداز ہوگا، تاہم عوامی سہولت کے لیے اسے ایک ہی طویل سلسلے کے طور پر بیان کیا جا رہا ہے۔
شدید سردی کی لہر:
20 سے 25 جنوری کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی متوقع ہے۔
کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ڈگری تک گر سکتا ہے، بعض مقامات پر منفی 10 سے منفی 20 جبکہ انتہائی بالائی علاقوں میں منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔









