بھارت کی معروف مسلمان اداکارہ حنا خان بھی ایران کی موجودہ صورتحال پر بول پڑیں اور ایرانی عوام، خصوصاً خواتین کے نام ایک جذباتی پیغام جاری کر دیا۔
حنا خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کئی دہائیوں سے بے حرمتی، جبر اور سفاکانہ طرزِ زندگی کا شکار رہا ہے، جہاں خواتین کو مساوی حقوق تو درکنار بنیادی آزادیوں سے بھی محروم رکھا گیا۔ ان کے مطابق ایران ایک بار پھر اٹھ کھڑا ہوا ہے اور اس بار دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ ایرانی عوام کی آواز بننے کی ضرورت ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ چاہے اس میں مغرب کا کوئی کردار ہو یا نہ ہو، یہ اصل مسئلہ نہیں بلکہ اصل حقیقت ایرانی عوام کی جدوجہد ہے۔
حنا خان نے ایرانی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کے حوصلے اور جرات کا تصور بھی نہیں کر سکتیں، یہ بہادری اور حقیقی انقلاب کی علامت ہے۔









