بالی ووڈ کی ڈریم گرل ہیما مالنی نے دھرمیندر کے انتقال کے بعد دیول خاندان میں اختلافات سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو سختی سے رد کر دیا ہے۔
لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو دنیا سے رخصت ہوئے ڈیڑھ ماہ گزر چکا ہے، مگر مداح آج بھی ان کے غم میں مبتلا ہیں۔ اس دوران سوشل میڈیا پر خاندان کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، جن پر ہیما مالنی نے کھل کر وضاحت دی ہے۔
ہیما مالنی نے کہا کہ سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ ان کے تعلقات خوشگوار اور مضبوط ہیں۔ انہوں نے ان خبروں کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ بلا وجہ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
افواہیں اس وقت زور پکڑیں جب دھرمیندر کے انتقال کے دن ہیما مالنی نے اپنے گھر میں دعائیہ تقریب رکھی جبکہ سنی اور بوبی دیول نے والد کے لیے علیحدہ دعائیہ تقریب منعقد کی۔ اس کے علاوہ دو ہفتے بعد دہلی میں ہیما مالنی اور ان کی بیٹیوں نے ایک الگ یادگاری تقریب بھی منعقد کی تھی۔
ہیما مالنی نے کہا،
“مجھے نہیں معلوم لوگ کیوں سمجھتے ہیں کہ ہمارے درمیان کچھ غلط ہے۔ یہ ہماری ذاتی زندگی ہے اور ہم سب ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔”
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بعض لوگ دوسروں کے غم کو بھی سنسنی خیز خبروں کے لیے استعمال کرتے ہیں، اسی لیے وہ زیادہ تر خاموش رہتی ہیں۔
دھرمیندر کی وراثت سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سنی دیول اپنے والد کے اعزاز میں ایک میوزیم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس حوالے سے وہ ان سے مشورہ بھی کرتے ہیں۔
دھرمیندر کی آخری فلم کے بارے میں سوال پر ہیما مالنی نے کہا کہ وہ ابھی وہ فلم نہیں دیکھ سکتیں کیونکہ یہ ان کے لیے بہت زیادہ جذباتی ہے۔









