اسلام آباد کے علاقے ترلاٸی میں واقع ایک امام بارگاہ کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق جبکہ 169 زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکا دوپہر ایک بج کر چالیس منٹ پر ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کی شدت کے باعث امام بارگاہ سے ملحقہ گھروں اور قریب کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ آئی جی اسلام آباد نے شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے دھماکے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کرنے کی ہدایت جاری کی۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پولی کلینک، پمز اور سی ڈی اے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔









