ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، پیٹ کمنز ورلڈکپ سے باہر

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں اسٹار فاسٹ بولر پیٹ کمنز انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے حتمی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ پیٹ کمنز مکمل فٹ نہ ہو سکنے کے باعث ورلڈکپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے، جبکہ اوپننگ بیٹر میتھیو شارٹ کو بھی ابتدائی اسکواڈ سے نکال دیا گیا ہے۔

ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بین ڈوارشیئس اور بیٹر میتھیو رینشا کو قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر کے مطابق بین ڈوارشیئس ایک مؤثر متبادل ہیں، جو بائیں ہاتھ کی تیز گیند بازی کے ساتھ شاندار فیلڈنگ اور آخری اوورز میں مفید بیٹنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین ڈوارشیئس کی سوئنگ اور رفتار ایشیائی کنڈیشنز میں ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

چیف سلیکٹر نے میتھیو رینشا کے بارے میں بتایا کہ انہوں نے حالیہ عرصے میں تمام فارمیٹس میں متاثر کن کارکردگی دکھائی ہے۔ سری لنکا میں متوقع اسپن کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے رینشا مڈل آرڈر میں ٹیم کو اضافی استحکام فراہم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں