امریکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا، مونانک پٹیل ایک بار پھر کپتان

امریکا نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت ایک مرتبہ پھر مونانک پٹیل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے گزشتہ ورلڈکپ اسکواڈ کے 10 کھلاڑیوں کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ کپتان مونانک پٹیل کے علاوہ جیسی سنگھ، اینڈریز غوث، ملند کمار، شایان جہانگیر، ہرمیت سنگھ، نوستھش کینجیگے، شیڈلی وان شالکوئک، سوربھ نیتھراوالکر اور علی خان دوبارہ قومی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اینڈریز غوث نے 219 رنز بنا کر بیٹنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی، جبکہ سوربھ نیتھراوالکر 6 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ شبھم رنجانے کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کا موقع ملنے کا امکان ہے، جبکہ پاکستانی نژاد محمد محسن اور سابق سری لنکن آل راؤنڈر شیہان جے سوریا بھی امریکا کے لیے پہلی بار بین الاقوامی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

گروپ اے میں شامل امریکا کو گروپ مرحلے میں بھارت، پاکستان، نیدرلینڈز اور نمیبیا کا سامنا ہوگا۔

امریکی ٹیم 7 فروری کو ممبئی میں بھارت کے خلاف میچ کھیل کر اپنی ورلڈکپ مہم کا آغاز کرے گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے 2024 میں اپنے ڈیبیو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے تک رسائی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں