پاکستان کو بھارت کے خلاف کھیلنے پر آمادہ کرنے میں آئی سی سی کامیاب، راجیو شکلا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے پاکستان کو بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنے میں کردار ادا کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دہلی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان اور بنگلادیش کرکٹ بورڈز کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آنے والا فیصلہ کرکٹ کے مفاد میں ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے نمائندے نے چیئرمین کی نگرانی میں لاہور کا دورہ کیا، جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے حکام سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ان کے مطابق مذاکرات کا مقصد تنازعات کو حل کرتے ہوئے کھیل کو ترجیح دینا تھا اور خوش آئند امر یہ ہے کہ تمام فریقین ایک قابلِ قبول اور دوستانہ حل پر متفق ہو گئے۔

راجیو شکلا نے اس پیش رفت کو آئی سی سی کے لیے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارے نے نہ صرف خدشات دور کیے بلکہ پاکستان کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لا کر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ اپنے مقررہ وقت پر ہوگا اور پاکستان کی شرکت شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں