کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کراچی کے مسائل پر توجہ دے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت شہر میں دلچسپی نہیں لیتی، تاہم وفاقی اور صوبائی ادارے مل کر کام کریں تو عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔
لیاری میں اسپنسر آئی اسپتال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی حکومت کے نمائندے کراچی میں دلچسپی لینے کے بجائے شہر میں نفرت پھیلانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپنسر آئی اسپتال کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے، جہاں آنکھوں کے امراض کا مفت علاج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، کیونکہ مہنگے علاج کے باعث عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث شہریوں پر معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے اور سندھ حکومت عوام کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بجلی کے بھاری بلوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے بلوں کی ادائیگی مشکل ہوتی جارہی ہے۔ ان کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ پورے لیاری کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جاسکے، جبکہ سندھ حکومت بھی علاقے کے عوام کو سولر انرجی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔
سندھ کی قسمت کا فیصلہ یہاں کے عوام کریں گے
صوبے کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کے حوالے سے پارٹی کا مؤقف واضح ہے۔ سندھ کے عوام اور ان کے منتخب نمائندے اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق یہاں کے عوام کو حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے انہیں کسی نے کچھ نہیں بتایا۔
اسپنسر آئی اسپتال مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیاری میں اسپنسر آئی اسپتال مکمل طور پر شمسی توانائی سے چل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسپنسر آئی اسپتال کراچی کا تاریخی ورثہ ہے، تاہم دیگر بلدیاتی اداروں کی طرح یہ بھی زوال کا شکار ہوگیا تھا۔ موقع ملنے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپتال کو دوبارہ فعال کیا گیا۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق اسپتال میں آنکھوں کے امراض کا مفت علاج کیا جارہا ہے اور مریضوں کے لیے ہفتہ وار سرجری کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔









