منڈی بہاؤالدین: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی مجرم، خواہ اس کا تعلق ان کی اپنی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ظالم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یونیورسٹی آف رسول، منڈی بہاؤالدین میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈر ڈر کر حکومت نہیں کی جاسکتی، اصول واضح اور یکساں ہونے چاہییں۔
انہوں نے بائیک سوار خاتون پر تشدد کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ بچی سے کہا تھا کہ ملزم نے اسے جتنے تھپڑ مارے، وہ بھی اتنے ہی تھپڑ مارے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ پر تشدد کے واقعے میں بھی انہوں نے یہی مؤقف اختیار کیا تھا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت اب مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی غریب کی عزت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جرائم میں ملوث افراد اگلے ہی روز ضمانت حاصل کرلیتے ہیں، جس پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو وہ چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے بھی ملاقات کریں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عمل داری یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ بااثر افراد بھی اپنے جرائم کا جواب دہ ہوں اور مظلوموں کو انصاف مل سکے۔









