مچل مارش انجری کا شکار، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے افتتاحی میچ سے باہر

کولمبو:
آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مچل مارش انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں آئرلینڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں شرکت نہ کر سکے۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹریوس ہیڈ کر رہے ہیں۔ مچل مارش کو اتوار کے روز ٹریننگ سیشن کے دوران سائیڈ آرم تھرو ڈاؤن کے وقت گرون ایریا میں شدید چوٹ لگی، جس کے بعد وہ فوری طور پر نیٹس سے باہر چلے گئے تھے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسکین میں اندرونی چوٹ کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے باعث مچل مارش کو مکمل آرام اور بحالی کی ضرورت ہے۔ ان کی زمبابوے کے خلاف اگلے میچ میں شرکت بھی مشکوک قرار دی جا رہی ہے۔

مارش کی عدم موجودگی میں میتھیو رینشا کو پہلی بار ورلڈکپ الیون میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ جوش انگلس کو ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اوپننگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔

ادھر تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ بطور اسٹینڈ بائی سری لنکا روانہ ہوں گے، اور ضرورت پڑنے پر انہیں اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں