واشنگٹن – وائٹ ہاؤس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ رواں سال امریکا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ایرانی فٹبال ٹیم کا استقبال کیا جائے گا اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
وائٹ ہاؤس کی ورلڈ کپ ٹاسک فورس کے سربراہ اینڈریو جیولیانی نے ٹیکساس میں منعقدہ کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“جاری تنازع کے باوجود ہم توقع کر رہے ہیں کہ ایرانی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا:
“یہ امریکا میں موجود ایرانی نژاد افراد کے لیے ایک بہترین موقع ہو گا کہ وہ اپنے ملک کا جشن منا سکیں۔”
میچز کی میزبانی
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی ٹیم کے گروپ مرحلے کے میچز لاس اینجلس اور سیاٹل میں شیڈول ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ ہفتوں میں جاری تنازع اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے پیش نظر یہ یقین دہانی خاص اہمیت رکھتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اس بیان کے بعد ایرانی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے ابھی تک کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔









