بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک سابق فوجی نے محض امرود توڑنے پر 4 سالہ معصوم بچی کو رسی سے باندھ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے بچی کو اپنے گھر کے اندر لے جا کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور بے دردی سے مارا پیٹا۔ اس اذیت ناک وقت میں بچی روتے ہوئے مدد کی گہار لگاتی رہی اور بار بار کہتی رہی کہ “انکل مجھے بچا لو۔”
واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب تشدد کے دوران بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ دیہاتیوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بچی کو ملزم کے چنگل سے آزاد کروایا، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور بچی کو فوری طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایمرجنسی ہیلپ لائن پر شکایت اور ویڈیو سامنے آنے کے بعد فوری کارروائی کی گئی۔ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف بھارتی قانون کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔









