امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی امریکی نائب صدر کے ہمراہ تھے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔ اس دوران پاکستان اور امریکا نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان نے امن کے فروغ کے لیے اپنی سہولت کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت مذاکرات کو سراہا اور کہا کہ یہ خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات دونوں طرف اعتماد اور تعاون کو فروغ دیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اعلامیے کے مطابق اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔









