یہ راستہ ایران کے کنٹرول میں ہے اور ہمارے لیے کھلا ہے،آبنائے ہرمز پر چین کی ایران کی کھلی حمایت

بیجنگ/تہران (ویب ڈیسک): آبنائے ہرمز کی صورتحال پر جاری کشیدگی کے درمیان چین نے ایران کے مؤقف کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ پر ایران کا کنٹرول ہے اور چینی بحری جہازوں کی آمد و رفت بلا تعطل جاری ہے۔

چینی وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جن نے ایک اعلیٰ سطحی بیان میں کہا کہ چین کے بحری جہاز آبنائے ہرمز کے آر پار آ جا رہے ہیں اور اس عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کے ساتھ چین کے جو توانائی اور تجارتی معاہدے ہیں، چین ان کا بھرپور احترام کرے گا۔

ایڈمرل ڈونگ جن نے مزید کہا: “آبنائے ہرمز کو ایران کنٹرول کرتا ہے اور وہ ہمارے لیے کھلا ہے۔ ہم دوسروں سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہمارے معاملات میں کسی قسم کی دخل اندازی نہ کریں۔”

چینی وزیر دفاع نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا کہ بیجنگ حکومت دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سنجیدہ ہے اور مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

چین کا امریکہ کو واضح پیغام
دوسری جانب امریکہ کی جانب سے ممکنہ بحری ناکہ بندی کی دھمکیوں کے پس منظر میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک متوازن مگر واضح ردعمل دیتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کریں۔

ترجمان نے کہا کہ “آبنائے ہرمز جیسے اہم آبی راستے کو محفوظ، مستحکم اور بلا رکاوٹ رکھنا بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ چین توانائی کے تحفظ اور بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خطے کے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق چین کا یہ بیان دراصل امریکہ کو ایک سفارتی پیغام ہے کہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی فوجی مہم جوئی سے نہ صرف خطے کی معیشت بلکہ چین کی توانائی کی سپلائی چین بھی شدید متاثر ہو گی، جسے بیجنگ برداشت نہیں کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں