تہران/میڈرڈ (ویب ڈیسک): اسپین نے ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنا سفارت خانہ باضابطہ طور پر دوبارہ کھول دیا ہے۔ یہ اقدام یورپی ملک کی جانب سے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
چند روز قبل اسپین کے وزیر خارجہ جوز مانوئل الباریس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس فیصلے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ “میں نے تہران میں اپنے سفیر کو ہدایت دی ہے کہ وہ تہران جا کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور سفارت خانے کو دوبارہ فعال کریں۔”
حکام کے مطابق سفارتی عملے کی واپسی اور سفارت خانے کی مکمل فعالی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اسپین کے اس اقدام کو ایران اور یورپ کے درمیان سفارتی رابطوں کی بحالی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مغربی ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔
تاحال اسپین کی جانب سے سفارت خانے کی بندش کی اصل وجوہات یا اسے دوبارہ کھولنے کے پیچھے مخصوص محرکات کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم تجزیہ کار اسے ایران کے ساتھ سفارتی روابط جاری رکھنے کی اسپین کی آزادانہ خارجہ پالیسی سے تعبیر کر رہے ہیں۔









