چین کی ایران کو طبی امداد: 58 ٹن ہنگامی سامان کی فراہمی، ’ہم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں‘

تہران (ویب ڈیسک) – چین نے ایران کو طبی امداد پر مشتمل 58 ٹن ہنگامی امداد فراہم کر دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ امدادی سامان بدھ کے روز تہران میں ایک باقاعدہ تقریب کے دوران ایرانی ہلالِ احمر سوسائٹی کے حوالے کیا گیا۔

تہران میں موجود چینی سفارت خانے اور ایرانی ہلالِ احمر کے درمیان دستاویزات پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چینی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ “چین ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ چین مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

چینی سفیر نے خطے کی موجودہ صورتِ حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی جانے والی جنگ ایران کے لیے ایک انسانی المیے کا باعث بنی ہے، جس کی وجہ سے ایران کو خصوصاً ادویات اور طبی آلات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

صدر ایرانی ہلالِ احمر نے اس موقع پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں چین کی جانب سے بھیجی گئی امداد ایران اور اس کے عوام کے لیے چینی عوام کی محبت اور گہری ہمدردی کی عکاس ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں