عالمی توانائی ایجنسی (IEA) کا انتباہ: آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ متوقع

پیرس / اسلام آباد (ویب ڈیسک) – عالمی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے سربراہ فاتح بیرول نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز جلد بحری جہاز رانی کے لیے نہ کھولی گئی تو عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اور خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

اپنے ایک تازہ بیان میں فاتح بیرول نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے سبب تیل کی عالمی منڈی میں شدید اتار چڑھاؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے عالمی صارفین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ “موجودہ صورتِ حال کے باعث مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ متوقع ہے اور صارفین کو قیمتوں کے شدید دباؤ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔”

سربراہ آئی ای اے نے مزید کہا کہ توانائی کی فراہمی کے اس اہم ترین راستے پر جاری کشیدگی کے اثرات فوری طور پر سامنے آ سکتے ہیں اور عالمی منڈی غیر یقینی کیفیت سے دوچار رہے گی۔ انہوں نے طویل مدتی بحران کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے اندازہ لگایا کہ تیل و گیس کی پیداوار کو جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال ہونے میں تقریباً 2 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود پاکستان سمیت دیگر ممالک کے آئل ٹینکرز کی نقل و حرکت جاری ہے اور عالمی منڈی رسد کی کمی کے خدشے سے دوچار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں