تہران/راولپنڈی (ویب ڈیسک) — پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اپنا تین روزہ سرکاری دورۂ ایران مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس دورے کا مقصد خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار تھا ۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہٰی سے الگ الگ تفصیلی ملاقاتیں کیں ۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ان ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، سفارتی روابط اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بات چیت، کشیدگی میں کمی اور پائیدار سفارتی کوششوں کے ذریعے مسائل کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا ۔
فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر گہرے شکریے کا اظہار کیا اور صدر پاکستان، وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمنائیں ایرانی قیادت تک پہنچائیں۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔
واضح رہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی بندش اور ایران-امریکہ مذاکرات کے حوالے سے خطے میں کشیدگی عروج پر ہے، جس سے پاکستان کے متوازن اور امن کے لیے کوشاں کردار کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔









