ممبئی/برلن (ویب ڈیسک) — بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی سوشل میڈیا پر ایک عجیب و غریب تنازع کا شکار ہو گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کوہلی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے جرمن انفلوئنسر اور ماڈل لز لاز کی ایک پوسٹ کو لائیک کیا گیا اور پھر فوری طور پر اَن لائیک کر دیا گیا۔ یہ عمل محض چند سیکنڈز کا تھا لیکن مداحوں کی تیز نگاہوں نے اسے پکڑ لیا اور اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
جرمن ماڈل لز لاز کا حیران کن ردعمل
اس معاملے نے اس وقت زیادہ شہرت حاصل کی جب جرمن ماڈل لز لاز نے خود اس پر عوامی ردعمل دیا۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہیں اس پوری صورتحال کا علم ان کی صبح نیند سے بیدار ہونے کے بعد میڈیا رپورٹس سے ہوا۔
لز لاز کا کہنا تھا:
“مجھے ابتدا میں بہت خوشی ہوئی تھی کہ اتنے بڑے کھلاڑی نے میری تصویر لائیک کی، لیکن بعد میں جب یہ پورا معاملہ بڑھ گیا تو مجھے افسوس بھی ہوا۔ مجھے ویرات کے لیے بہت افسوس ہوا کہ ایک معمولی سی لائیک یا اَن لائیک اتنی بڑی خبر بن گئی۔ مجھے نہیں لگتا کہ ان کی نیت ایسی کوئی تھی۔”
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران آر سی بی کی مداح بنی تھیں اور ویرات کوہلی کو ایک شاندار کھلاڑی سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے انہیں مختلف پلیٹ فارمز پر میسجز کر کے اس معاملے سے آگاہ کیا جس کے بعد وہ خود بھی حیران رہ گئیں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی یا ان کی میڈیا ٹیم کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔









