فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی فوجی طیاروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے ممکنہ اعلیٰ سطحی امریکی دورے کی تیاریوں کا عندیہ مل رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ایئر فورس کے بڑے کارگو طیارے Boeing C-17 Globemaster III ساز و سامان کے ساتھ نور خان ایئر بیس پر لینڈ کر چکے ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اعلیٰ امریکی حکام کے متوقع دورے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق 19 اپریل کو تین طیارے مختلف اوقات میں اسلام آباد پہنچے، جن میں پہلا صبح 8:30 بجے، دوسرا 11:03 پر اور تیسرا 2:40 دوپہر کو لینڈ ہوا، جبکہ ایک اور طیارہ بھی راستے میں بتایا جا رہا ہے۔
مزید برآں، امریکی طیاروں کو Ramstein Air Base اور Morón Air Base پر ایندھن بھرتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس سے ایک وسیع لاجسٹک آپریشن کا اشارہ ملتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ طیارے سیکیورٹی، مواصلاتی نظام اور دیگر معاون آلات لے کر آئے ہیں، جو عموماً کسی بھی اعلیٰ سطحی امریکی دورے سے قبل تعینات کیے جاتے ہیں۔ تاہم حکام کی جانب سے تاحال کسی دورے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق امریکا کے ایک پیشگی وفد کی آمد کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ آئندہ اہم مذاکرات سے قبل غیر ملکی وفود کی ایڈوانس ٹیموں کی آمد جاری ہے۔









