چین اور سعودی عرب کا رابطہ: آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور جنگ بندی پر زور

چین کے صدر شی جن پنگ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی معمول کے مطابق آمد و رفت برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین فوری اور جامع جنگ بندی کی حمایت کرتا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔

صدر شی جن پنگ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے جاری تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ عسکری اقدامات کے ذریعے۔

دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران دوسرے دور کے مذاکرات کے لیے پاکستان نہیں جائے گا۔ ان کے مطابق امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور اس حوالے سے پاکستانی ثالث کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران ایک پُرامن ملک ہے، لیکن امریکا کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سفارتی عمل میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے جارحانہ کارروائیاں کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں