چین کے صوبہ ہونان کے شہر چانگشا میں پاکستان اور چینی اداروں کے درمیان تین اہم مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے، جس میں آصف علی زرداری نے شرکت کی۔
پہلا معاہدہ سندھ کے محکمۂ بلدیات اور Loshion Environmental Technology Group کے درمیان طے پایا، جس کے تحت کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے پر تعاون کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن اور چینی کمپنی کے نمائندے یوہوئی نے دستخط کیے۔
دوسرا معاہدہ محکمۂ بلدیات سندھ اور Longpin High-Tech Information Company کے درمیان زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے طے پایا۔
تیسری مفاہمتی یادداشت چائے کے شعبے سے متعلق ہے، جو Muske and Famty Trading Company، Hunan Tea Group اور Jialong International Technology کے درمیان طے پائی۔ پاکستان کی جانب سے سلیم مانڈوی والا نے اس معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ چینی حکام ژو چونگ وانگ اور ہاؤ جیاؤلونگ بھی تقریب میں شریک تھے۔
اعلامیے کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد صنعتی، تجارتی اور عوامی روابط کو فروغ دینا ہے، جبکہ خاص طور پر چائے کی صنعت اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔








