ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، امریکا کی تردید

ایرانی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک امریکی جہاز کو 2 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی جہاز نے ایرانی وارننگ کو نظر انداز کیا، جس کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد امریکی جہاز نے اپنا سفر روک دیا اور علاقے سے پسپائی اختیار کی۔

ایرانی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایران پہلے ہی اعلان کر چکا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو ایرانی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، بصورت دیگر فوج فیصلہ کن کارروائی کرے گی۔

دوسری جانب ایک سینئر امریکی عہدیدار نے ایرانی میزائل حملے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جہاز کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

واضح رہے کہ ایرانی افواج کے ترجمان اس سے قبل خبردار کر چکے تھے کہ تمام تجارتی بحری جہاز اور آئل ٹینکرز نقل و حرکت کے دوران ایرانی مسلح افواج سے رابطے میں رہیں، جبکہ امریکی بحریہ کو بھی علاقے سے دور رہنے کی تنبیہ کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں