امریکا نے ایرانی جہاز اور 22 رکنی عملہ پاکستان کے حوالے کر دیا

امریکی حکام نے قبضے میں لیے گئے ایرانی تجارتی جہاز ایم وی توسکا اور اس کے 22 رکنی عملے کو پاکستان کے حوالے کر دیا ہے، جنہیں بعد ازاں ایران واپس منتقل کیا جائے گا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جہاز کی حوالگی ایران کو واپسی کے عمل کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے کے 22 ارکان پاکستان کے ذریعے ایرانی حکام کے سپرد کیے جائیں گے، جبکہ گزشتہ ہفتے عملے کے 6 افراد کو پہلے ہی خطے کے ایک ملک کے حوالے کیا جا چکا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ایرانی جہاز کو 19 اپریل کو امریکی ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا تھا، تاہم اب اسے اس کے اصل مالک کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد سازی کے اقدام کے تحت ایرانی جہاز ایم وی توسکا کے 22 اہلکار پاکستان منتقل کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق عملہ گزشتہ رات پاکستان پہنچا اور آج انہیں ایرانی حکام کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ جہاز کو ضروری مرمت کے بعد پاکستانی سمندری حدود کے ذریعے اصل مالکان تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جہاز اور عملے کی واپسی ایران اور امریکا کے باہمی تعاون سے جاری ہے، اور پاکستان اس پیش رفت کو خطے میں مثبت اعتماد سازی قرار دیتا ہے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا آج سے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے پروجیکٹ فریڈم شروع کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مثبت بات چیت جاری ہے اور غیر جانبدار ممالک کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں