اسلام آباد — نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سنگاپور کے قریب امریکی حکام کی تحویل میں موجود پاکستانی اور ایرانی بحری کارکنوں کی باحفاظت وطن واپسی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیرِ خارجہ ویوین بالاکرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور امریکی حکام کی تحویل سے 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی رہائی اور واپسی میں تعاون کی درخواست کی۔
نائب وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ انہوں نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی ہے اور دونوں ممالک صورتِ حال پر قریبی رابطے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ “پاکستان ایرانی شہریوں کی پاکستان کے راستے ایران واپسی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔”
دفترِ خارجہ کے مطابق، پاکستانی حکام امریکی فریق سمیت تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت، فلاح و بہبود اور جلد از جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔









