نیویارک( آواز آن لائن) نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی، نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکُل، فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کے نیویارک-نیو جرسی میزبان کمیٹی کے حکام نے سنٹرل پارک میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میچ کی ایک عظیم الشان مفت واچ پارٹی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
یہ تقریب 19 جولائی 2026 کو سنٹرل پارک کے مشہور گریٹ لان میں منعقد ہوگی جہاں تقریباً 50 ہزار شائقین ایک ساتھ ورلڈ کپ فائنل میچ بڑی اسکرینوں پر دیکھ سکیں گے۔ منتظمین کے مطابق یہ دنیا کی سب سے بڑی مفت ورلڈ کپ واچ پارٹیوں میں سے ایک ہوگی۔
تقریب کے ٹکٹ مفت ہوں گے اور ان کی تقسیم عالمی تنظیم گلوبل سٹیزن کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔ رجسٹریشن کا آغاز 11 جون کو ہوگا جبکہ قرعہ اندازی 16 جولائی تک جاری رہے گی۔
واچ پارٹی کے دروازے دوپہر 12 بجے کھول دیے جائیں گے جبکہ فائنل میچ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ ٹکٹوں کا 20 فیصد حصہ مقامی غیر منافع بخش تنظیموں اور نیویارک سٹی سروس کے رضاکاروں کے لیے مخصوص رکھا گیا ہے۔
تقریب میں تین بڑی ایل ای ڈی اسکرینیں نصب کی جائیں گی، جبکہ مقامی کھانے پینے کے اسٹالز اور تفریحی پروگرام بھی شائقین کے لیے دستیاب ہوں گے۔ معروف ریڈیو نیٹ ورک آئی ہارٹ ریڈیو اس تقریب کا میڈیا پارٹنر ہوگا۔
اس موقع پر سنٹرل پارک میں “فیفا ایرینا” نامی ایک عارضی منی فٹبال میدان کا بھی افتتاح کیا گیا، جو 10 جون سے 18 جولائی تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ یہاں بچوں اور نوجوانوں کے لیے مفت تربیتی کیمپ، کمیونٹی ٹورنامنٹس اور اوپن پلے سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔
میئر زوہران ممدانی نے کہا کہ ورلڈ کپ صرف مہنگے ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے نہیں بلکہ تمام نیویارک کے شہریوں کے لیے ہے، اسی لیے انتظامیہ نے مفت تقریبات، فین فیسٹیولز اور مقامی کاروباروں کی معاونت کے متعدد پروگرام متعارف کرائے ہیں۔
گورنر کیتھی ہوکُل نے کہا کہ اگر کوئی شہری براہ راست اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے سے محروم رہ جائے تو بھی اسے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے کا لطف اٹھانے کا موقع ملنا چاہیے، اور سنٹرل پارک کی یہ تقریب اسی مقصد کو پورا کرے گی۔
واضح رہے کہ نیویارک ریاست اور نیویارک سٹی حکومت اس منصوبے پر مجموعی طور پر 9.5 ملین ڈالر خرچ کر رہی ہیں تاکہ ورلڈ کپ 2026 کی سرگرمیوں سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکی









