اسلام آباد ( آواز رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے معتمد ساتھی OTS گروپ کے لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر اسٹریٹجک فورس کمانڈ کا سربراہ تعینات کر دیا۔ جنرل عامر رضا اس وقت فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز تھے، اس سے قبل وہ لاہور کے کور کمانڈر رہے ہیں جہاں تعیناتی کے دوران انکے حکمران میاں فیملی اور موجودہ وزیر داخلہ سید محسن نقوی کے ساتھ بھی اچھے روابط قائم ہو گئے۔ کاکول ملٹری اکیڈمی سے فارغ التحصیل فوجی افسران روایتی طور پر او ٹی ایس افسران سے اپنے آپ کو سپیریئر سمجھتے تھے مگر عاصم منیر نے آرمی چیف کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد اپنے گروپ کے افسران کو ترقیوں اور تعیناتیوں میں ترجیح دی ۔ آئندہ ایک دو ماہ میں طویل عرصے کے بعد فوج میں اعلیٰ سطحی ترقیوں کا امکان ہے اور جنرل عامر رضا کی حالیہ پروموشن اس سلسلے کا آغاز ہے۔ عسکری امور کے ماہر تجزیہ نگار احمد وقاص ریاض کے مطابق اگلے چند ہفتوں میں آدھے درجن سے زائد تھری اسٹار جنرلز اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے، اور نسبتاً نوجوان میجر جنرلز ترقی پا کر انکی جگہ تعینات ہو جائیں گے۔ انکے مطابق نئے پروموٹ ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل منگلا، کراچی ، پشاور سمیت دوسری کورز ، سی جی ایس ، ایجوٹنٹ جنرل اور دوسرے خالی ہونے والے عہدوں پر فائز ہوں گے جبکہ غالب امکان ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اپنے عہدے پر بدستور کام کرتے رہیں۔ ان تبدیلیوں کے بعد پاکستان کے سیاسی منظر نامے میں بھی بڑی تبدیلیوں کا اِمکان نظر آ رہا ہے۔









