تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کی بنیادی شرط لبنان پر اسرائیلی حملوں کا مکمل اور غیر مشروط خاتمہ ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ لبنان کی علاقائی سالمیت کا تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ امریکا کے ساتھ جاری تنازع کے اختتام سے متعلق کسی بھی معاہدے کی اولین شرط ہے۔
انہوں نے اپنے پیغامات میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ، اس کے سابق سربراہ حسن نصر اللہ اور جنوبی لبنان کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایران مظلوم مگر مضبوط مزاحمتی قوتوں کی حمایت کو اپنی تزویراتی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں کی بحالی اور کشیدگی میں ممکنہ کمی سے متعلق اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔
ایران کا مؤقف ہے کہ خطے میں پائیدار امن اور امریکا کے ساتھ کسی بھی مفاہمت کے لیے اسرائیل کی جانب سے لبنان پر جاری حملوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے جون میں واشنگٹن کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے ابتدائی نکات میں بھی اس مطالبے کو شامل کیا تھا، تاہم آبنائے ہرمز سے متعلق اختلافات کے باعث مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہو گیا۔









