لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے لگائے گئے دھاندلی کے الزامات پر ردِعمل دیتے ہوئے سخت تنقید کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ “پیپلز پارٹی، جو دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر ہے، آج خود دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟”
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور ضابطۂ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہوتی رہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن غیرجانبدار کردار ادا کرنے کے بجائے ایک انتخابی ایجنٹ کے طور پر کام کرتا رہا۔
پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کی نئی مثال قائم کی گئی، جبکہ دوسری جانب مریم نواز نے ان الزامات کو طنزیہ انداز میں مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو ہی انتخابی دھاندلی کا ماہر قرار دیا۔









