نصرت فتح علی خان کی قوالی سن کر دلجیت دوسانجھ رو پڑے

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے انکشاف کیا ہے کہ اسٹیج پرفارمنس سے قبل نصرت فتح علی خان کی قوالی سنتے ہوئے ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔حال ہی میں انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران دلجیت دوسانجھ نے اپنی زندگی کا ایک انتہائی ذاتی اور جذباتی لمحہ شیئر کیا۔گلوکار کے مطابق یہ واقعہ میلان میں اپنے شو سے قبل یوگا کی تیاری کے دوران پیش آیا۔ وہ نصرت فتح علی خان کی معروف قوالی ’من اٹکیا بے پرواہ دے نال‘ سن رہے تھے کہ قوالی کے ایک مصرعے نے انہیں اندر تک متاثر کیا۔دلجیت دوسانجھ نے بتایا کہ ’قاضی ملا مٹی دیندے، کھرے سیانے راہ دسیندے‘ کے الفاظ سنتے ہی انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے ان کے اندر کچھ ٹوٹ گیا ہو۔ان کا کہنا تھا کہ وہ یوگا میٹ پر بیٹھ گئے اور رونے لگے۔ قوالی کے الفاظ کا اثر اتنا گہرا تھا کہ وہ تقریباً 5 سے 10 منٹ تک روتے رہے، جس کے بعد انہوں نے یوگا شروع کیا۔دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ نصرت فتح علی خان کے کلام میں ایسی سچائی ہے جو سننے کے کافی دیر بعد تک انسان کے اندر موجود رہتی ہے، جبکہ بعض مصرعے دل میں اس طرح اتر جاتے ہیں کہ پھر کبھی باہر نہیں نکلتے۔یہ پہلا موقع نہیں جب دلجیت دوسانجھ نے نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہو۔ 12 ستمبر کو لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران بھی انہوں نے نصرت فتح علی خان سے منسوب معروف کلام ’سانسوں کی مالا‘ پیش کیا تھا۔رپورٹس کے مطابق اس تاریخی کنسرٹ میں تقریباً 90 ہزار افراد شریک تھے اور دلجیت دوسانجھ ویمبلی اسٹیڈیم میں مرکزی فن کار کے طور پر پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فن کار بنے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں