واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ممکنہ مسلح حملوں کے خطرے کے پیش نظر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔امریکی حکام کے مطابق خطے میں حوثی گروپ کی کارروائیوں اور امریکی سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی مبینہ ایرانی کوششوں کے باعث سکیورٹی صورت حال مزید حساس ہوسکتی ہے۔امریکی حکومت نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جس ملک میں موجود ہیں وہاں جاری کردہ تازہ ترین سکیورٹی ہدایات سے باخبر رہیں اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔سکیورٹی انتباہ میں سفری مشکلات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کشیدہ حالات کے باعث فضائی پروازیں منسوخ ہونے، فضائی حدود بند ہونے اور دیگر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی سفر کا آغاز کرنے سے پہلے متعلقہ ملک کے لیے جاری سکیورٹی الرٹس کا جائزہ لیں اور ایئرلائنز سے پروازوں کی تازہ صورت حال معلوم کریں۔یہ ہدایت ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ برقرار ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ فوجی کارروائیوں کے خدشات کے باعث علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تشویش پائی جاتی ہے۔









