**اقوام متحدہ( آواز نیوز) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نو تعینات (newly appointed) مستقل مندوب، سفیر سید حیدر شاہ نے آج نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔
اس موقع پر سفیر حیدر شاہ نے وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے۔ انہوں نے کثیرالجہتی نظام، اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کی پاسداری اور امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تینوں بنیادی شعبوں میں اقوامِ متحدہ کے کردار اور کاوشوں کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
سیکریٹری جنرل نے بھی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مثبت، فعال اور تعمیری کردار اور خدمات کو سراہا۔
سفیر حیدر شاہ فارن سروس آف پاکستان کے سینئر افسر ہیں۔ موجودہ ذمہ داری سنبھالنے سے قبل وہ مارچ 2025ء سے نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل، نومبر 2022ء سے فروری 2025ء تک وزارتِ خارجہ، اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری (اقوامِ متحدہ و تنظیمِ تعاونِ اسلامی) کے منصب پر فائز رہے۔
نومبر 2020ء سے اکتوبر 2022ء تک انہوں نے نیپال میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل 2016ء سے 2020ء تک نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن رہے، جبکہ اپریل 2019ء سے اکتوبر 2020ء تک قائم مقام ہائی کمشنر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔
جولائی 2014ء سے اگست 2015ء تک وہ وزارتِ خارجہ میں ڈائریکٹر، دفترِ وزیر خارجہ کے منصب پر فائز رہے۔ بعد ازاں جولائی 2013ء سے اپریل 2014ء تک ڈائریکٹر (افغانستان) کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل 2006ء سے 2008ء تک ڈائریکٹر (اقوامِ متحدہ) بھی رہے۔
سفیر حیدر شاہ کو کثیرالجہتی سفارت کاری، بین الاقوامی قانون، انسدادِ دہشت گردی، افغانستان اور جنوبی ایشیا کے امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
2008ء سے 2013ء تک انہوں نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹوریٹ (CTED) میں قانونی افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ سلامتی کونسل کی جانب سے 2004ء میں قائم کردہ یہ ادارہ انسدادِ دہشت گردی کمیٹی کے کام میں معاونت فراہم کرتا ہے، جس میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے تکنیکی معاونت کی فراہمی میں سہولت کاری، نیز اس ضمن میں قانونی اور انسانی حقوق کے پہلوؤں سے متعلق امور شامل ہیں۔
انہوں نے 2002ء سے 2006ء تک نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مشن میں بھی خدمات انجام دیں، جہاں وہ جنرل اسمبلی کی چھٹی کمیٹی کے امور کے نگران تھے۔ اس دوران انہوں نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعدد قراردادوں پر مذاکراتی عمل میں حصہ لیا۔
اپنے سفارتی کیریئر کے دوران سفیر حیدر شاہ نے دنیا کے مختلف حصوں میں منعقد ہونے والی متعدد بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کی۔ انہوں نے 2002ء سے 2008ء اور 2023ء سے 2024ء کے دوران اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مختلف بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز کے مذاکراتی عمل میں بھی فعال کردار ادا کیا۔
*تعلیمی قابلیت اور تصانیف*
سفیر حیدر شاہ نے 1998ء میں ہارورڈ لا اسکول (Harvard Law School) سے قانون میں ماسٹرز (LL.M.) اور 1993ء میں خیبر لا کالج، جامعہ پشاور سے قانون کی ڈگری (LL.B.) حاصل کی۔ انہوں نے 2000ء میں انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اسٹڈیز، ایراسمس یونیورسٹی (Erasmus)، دی ہیگ سے بین الاقوامی قانون میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ (ILOD) بھی حاصل کیا۔
انہوں نے “The Legislative Powers of the United Nations Security Council” کے عنوان سے ایک تحقیقی مقالہ مشترکہ طور پر تحریر کیا، جو 2005ء میں مارٹنس نائف کی شائع کردہ کتاب Towards World Constitutionalism میں شامل ہے۔
سفیر حیدر شاہ شادی شدہ ہیں اور ان کے تین بچے ہیں۔









