برازیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل میں چیونٹیوں کو دودھ کے ساتھ ملا کر تیار کیا جانے والا منفرد پنیر دنیا بھر میں مقبول ہو چکا ہے۔ ساؤ پالو میں قائم اسٹینسیا سلوانیا کمپنی نے مقامی پتے کھانے والی چیونٹیوں کو دودھ کے ساتھ ملا کر “تائیادا سلوانیا پنیر” تیار کیا۔
کمیلا المیڈا، جو اسٹینسیا سلوانیا کی بانی اور مالک ہیں، نے دیہی سیاحت کے فروغ کے لیے یہ انوکھا آئیڈیا پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کے علاقے میں لوگ صدیوں سے چیونٹیاں کھاتے آئے ہیں، اس لیے انہوں نے سوچا کہ پنیر میں بھنی ہوئی چیونٹیاں شامل کرنا ایک دلچسپ تجربہ ہوگا۔
یہ تجربہ نہ صرف کامیاب رہا بلکہ تائیادا سلوانیا پنیر کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ یہ پنیر فرانس سمیت کئی بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکا ہے۔
برازیلی ادیب مونتیرو لوباتو نے ایک بار ان چیونٹیوں کو “برازیلین کیویار” کا نام دیا تھا، اور یہی وجہ ہے کہ کمیلا کا تجربہ پاگل پن نہیں بلکہ ایک تخلیقی قدم ثابت ہوا۔
یہ پنیر چرنے والی مخصوص نسل کی گایوں کے دودھ سے تیار کیا جاتا ہے اور اس میں بادام، شاہ بلوط اور ہلکے سونف جیسے ذائقے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ اس کی قیمت تقریباً 38 امریکی ڈالر فی کلوگرام ہے۔