پاکستان کی لیجنڈری گلوکارہ میڈم نور جہاں کا مشہور زمانہ گیت ’سانوں نہر والے پل تے بلا کے‘ ایک بار پھر سرحدوں سے ماورا ہو کر دلوں کو جوڑ رہا ہے۔ آج کل یہ گیت بھارتی نوجوانوں، خصوصاً ’جین زی‘ کے سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موسیقی کسی سرحد کی محتاج نہیں ہوتی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کئی دہائیاں قبل ریکارڈ کیا گیا یہ گیت دوبارہ ٹرینڈ کر رہا ہے، جہاں بھارتی نوجوان اسے اپنی ریلز میں استعمال کر رہے ہیں۔ مختلف بھارتی ’جین زی‘ اکاؤنٹس پر یہ گانا پس منظر میں چلتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جس کے ساتھ نوجوان اپنی روزمرہ زندگی، جذبات اور رشتوں سے جڑی کہانیاں شیئر کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گیت تقریباً پانچ دہائیاں قبل ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم میڈم نور جہاں کی سحر انگیز آواز اور گیت کے گہرے، سادہ مگر پُراثر بولوں نے نئی نسل کے دل جیت لیے ہیں۔
گانے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انسٹاگرام پر محض 43 سیکنڈ کے ایک آڈیو کلپ پر ایک لاکھ سے زائد ریلز بن چکی ہیں۔
’پٹیالہ محفل‘ نامی گروپ کی جانب سے گانے کی ویڈیو پوسٹ کیے جانے کے بعد اسے کروڑوں ویوز ملے، جس کے بعد یہ ٹرینڈ تیزی سے پھیل گیا۔
بھارتی نوجوان اس گانے کے بولوں کو اپنی زندگی سے جوڑ رہے ہیں، خاص طور پر ڈیٹنگ اور رشتوں میں پیش آنے والی مشکلات کے تناظر میں، جس نے اس کلاسک گیت کو نئی معنویت دے دی ہے۔









